لندن: (سپورٹس لنک رپورٹ) ویمنز ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ہالینڈ نے آئرلینڈ کو ہرا دیا، سپین نے آسٹریلیا کو 3-1 سے ہرا کر تیسرا نمبر حاصل کر لیا۔ ویمنز ہاکی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں ہالینڈ نے آئرلینڈ کو 0-6 سے شکست دے کر 8ویں بار ورلڈچیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ سپین نے آسٹریلیا کو 3-1 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ فائنل میچ میں ٹائٹل کا دفاع کرنیوالی ہالینڈ کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم آئرلینڈ پر چھائی رہی، کھیل کے 7ویں ہی منٹ میں ویلٹن لائیڈوج نے گول کرکے ہالینڈ کو برتری دلائی۔ دوسرے کوارٹر میں کھیل کے 19ویں منٹ میں جونکر کیلی نے دوسرا گول کرکے ہالینڈ کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔کھیل کے 28ویں منٹ میں وان میل کیٹی نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے ہالینڈ کی برتری 3-0 کردی جبکہ 2 منٹ بعد فیننسکس مالیو نے گول کرکے سکور 4-0 کردیا۔ تیسرے کوارٹر میں کھیل کے 32ویں منٹ میں کیٹلس مارلوس نے ہالینڈ کی طرف سے 5واں گول کیا۔ اس کے 2 منٹ بعد وان ماساکیر سیانے پنلٹی کارنر پر گول کرکے ہالینڈ کو 6-0 کی برتری دلادی جو میچ کا حتمی سکور بھی ثابت ہوا اور ہالینڈ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ کا ٹائٹل 8ویں بار اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں سپین کی لوپاز ماریا نے کھیل کے 11ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی جسے بوناسٹرے برٹا نے 14ویں منٹ میں گول داغ کر 2-0 کردیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے واحد گول تیسرے کوارٹر میں کھیل کے 40ویں منٹ میں سلیٹری کیتھرین نے کیا۔ سپین کی ماغازالیسیا نے آخری کوارٹر میں کھیل کے 51ویں منٹ میں گول کرکے سپین کی برتری 3-1 کردی اور ایونٹ میں اپنی ٹیم کی تیسری پوزیشن کو کنفرم کردیا۔