لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ پاکستان کرکٹ بورڈ کے رویے سے ناخوش ہیں، ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کےسینٹرل کنٹریکٹ میں پی سی بی کی جانب سے انہیں ’بی‘ کیٹیگری دی گئی ہے جس پر وہ شدید تحفظات کا شکار ہیں۔محمد حفیظ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس صورت حال سے محمد حفیظ بہت دل برداشتہ ہیں اور وہ اس حوالے سے قریبی لوگوں سے مشاورت بھی کر رہے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد حفیظ بی کیٹیگری میں ڈالے جانے کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کریں گے، ممکن ہے کہ وہ کرکٹ سے ہی کنارہ کشی اختیار کر لیں۔سابق کپتان محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر باربار ہونے والے اعتراض نے ان کے کیرئیر کو شدید متاثر کیا ہے، ایک سال بعد انہیں بولنگ کی اجازت تو مل گئی لیکن قومی ٹیم میں بھرپور جگہ نہیں مل سکی، بلکہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی وہ تنزل کا شکار ہوگئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیا جس میں ، آل راؤنڈر محمد حفیظ کی اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی کردی گئی ہے۔