پی سی بی نے ڈومیسٹک پلیئرز کی میچ فیس اور انعامی رقم میں اضافہ کردیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن میں کھلاڑیوں کی میچ فیسوں اور ٹورنامنٹ کی انعامی رقوم میں کئی گنا اضافہ کر دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پہلی بار سیزن کے آغاز سے قبل ہی پورے سیزن کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔قائداعظم ٹرافی کی انعامی رقم میں 10 لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 44 لاکھ سے بڑھا کر 54 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 49 لاکھ سے بڑھا کر 57 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔پی سی بی نے قومی سیزن میں پچوں اور گیندوں کے معیار کو بہتر بنانے کا دعوی کیا ہے لیکن کھلاڑیوں کے لیے زبردست مالی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔قائد اعظم ٹرافی کے ساتھ ون ڈے ٹورنامنٹ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی تجویز پر ایک ساتھ کرایا جا رہا ہے۔ون ڈے ٹورنامنٹ کا ہر میچ مختلف گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ ایک ہی گراونڈ میں کھیلا جاتا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے 19-2018کے کرکٹ کلینڈر کا اعلان کر دیا ہے۔سیزن کا آغاز جولائی میں سنیئر انٹر ڈسٹرکٹ سے ہو چکا ہے جو مئی میں ختم ہو گا۔پی سی بی نے چار دن پہلے جیو کی خبر کی تصدیق کی کہ قائداعظم ٹرافی کی میچ فیس 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے جب کہ ون ڈے ٹورنامنٹ کی فیس 20 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی فیس 24 سے بڑھا کر 30 ہزار روپے فی میچ کر دی گئی ہے۔پاکستان کپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو فی میچ معاوضہ 30 سے بڑھا کر 35 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔انٹر ریجنل انڈر 19 ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں بھی ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور ٹورنامنٹ کی انعامی رقم اب ڈھائی لاکھ روپے ہو گی۔سنیئر انٹر ڈسٹرکٹ کی فاتح ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے، اس انعامی رقم میں بھی ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔قائد اعظم ٹرافی کے ساتھ ون ڈے ٹورنامنٹ کے میچ بھی ہوں گے، اگر کوئی ریجنل کھلاڑی دونوں میچ کھیلے گا تو اسے ڈیلی الاونس ملا کر 91 ہزار روپے ملیں گے۔پندرہ رکنی ٹیم کے بقیہ چار کھلاڑیوں کو 34750 فی کس ملیں گے۔پی سی بی کے مطابق قائد اعظم ٹرافی اور ون ڈے ٹورنامنٹ یکم ستمبر سے 8 دسمبر تک ہوں گے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 10 سے 25 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 یکم سے 20 جنوری تک ہو گا اور پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ فیصل آباد اور ملتان میں دو سے 14 اپریل تک ہو گا۔قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو 16 اپریل سے15 مئی تک سندھ میں ہو گا جب کہ پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ 16 اپریل سے 7 مئی تک ہو گا۔

تعارف: newseditor