انڈر 12 ایشین بیس بال چیمپئن شپ،پاکستان کی ٹیم تائیوان روانہ

اسلام آباد (نواز گوھر )پاکستان کی انڈر 12بیس بال ٹیم دسویں انڈر 12ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لئے تائیوان روانہ ہوگئی۔ چیمپئن شپ اگست کی 12 سے 19تاریخ تک تائیوان میں کھیلی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کی دیگر ٹیموں میں کوریا، جاپان، تائیوان، انڈونیشیا، ہانگ کانگ، سری لنکااور انڈیا کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ گروپ A جاپان، تائیوان، انڈونیشیا، سری لنکاگروپ B کوریا، ہانگ کانگ ، انڈیا، پاکستان اس سلسلے میں بحریہ ٹاؤن سپورٹس ونگ نے پاکستان کی انڈر 12بیس بال ٹیم کے گروپ فوٹو سیشن کا بحریہ کرکٹ سٹیڈیم میں اہتمام کیا۔ بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بحریہ ٹاؤن لاہور اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ جوکہ بحریہ ٹاؤن لاہور کے سپورٹس ڈائریکٹر بھی ہیں نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا اور کھلاڑیوں سے متعارف کروایا۔ پاکستان کی ٹیم میں محمد فیاض (کپتان)، عبدالرازق، جنید شاہ، محمد عادل ایوب، محمد صادق، سید محب شاہ، عاشر عباس، ثوبان مصطفی، مزمل خلیل ، فصیح الرحمان، محمد قاسم حامد، خلیل الرحمان، محمد عمر ندیم اور زوریز ہاشمی شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں محمد عثمان ، محمد صادق اور اعجاز ھاشمی بطور کوچز جبکہ سید فخر علی شاہ بطور ٹیم لیڈر شامل ہیں ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے جس میں ایشیا کی بہترین انڈر12حصہ لے رہی ہیں لیکن پاکستان کی ٹیم بھی باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان انڈر 12بیس بال ٹیم کا کیمپ پچھلے ایک ماہ سے عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم میں جاری تھا اور پاکستان کے بہترین پروفیشنل کوچز کھلاڑیوں کی تربیت کررہے تھے ۔ سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے میڈیا کو بتایا کہ بحریہ نیشنل بیس بال اکیڈمی کے نو کھلاڑی پاکستان کی انڈر12ٹیم میں شامل ہیں جو کہ پچھلے دو سال سے اکیڈمی میں تربیت حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جوکہ میدان میں کچھ کردکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں ان کا ٹارگٹ وکٹری سٹینڈ تک رسائی ہے۔ کیونکہ ٹورنامنٹ کی بہترین تین ٹیمیں انڈر 12ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کریں گی۔

تعارف: newseditor