امارات کرکٹ بورڈ نے بھی ٹی20 لیگ کا اعلان کردیا

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) ٹی ٹین اور افغان کرکٹ لیگ کے بعد جمعرات کو امارات کرکٹ بورڈ نے اپنی لیگ کا بھی اعلان کردیا ہے۔منتظمین کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کے لئے اپنے سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے سے انکار کردیا ہے۔ تاہم منتظمین کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی ، عمر اکمل،کامران اکمل، محمد عرفان اور کئی ایسے کھلاڑی جن کا بورڈ سے سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ہے وہ لیگ میں شرکت کرسکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ فروری میں امارات ہی میں پاکستان سپر لیگ کرائے گا۔ پی سی بی کے کہنے پر مارات لیگ پی ایس ایل سے ایک ماہ قبل کرائی جارہی ہے۔ امارات لیگ کے مالک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر اور سی ای او سلمان سرور بٹ ہیں۔ سلمان بٹ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں اہم عہدے پر رہ چکے ہیں۔ ندیم عمر کا کہنا ہے کہ میرا اس لیگ سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے۔ لیگ میں چھ ٹیموں کی جانب سے دنیا کے اسٹار کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ٹی 20 لیگ 19دسمبر سے گیارہ جنوری تک ہوگی۔ شارجہ،دبئی اور ابوظہبی میں 24دن کے دوران 22میچ ہوں گے۔ہر ٹیم میں سولہ کھلاڑی ہوں گے۔ جن میں چھ انٹر نیشنل اسٹار ، چار ایمرجنگ اور جونیئر، تین آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبرز اور تین متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی ہوں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کھیلنے والے سات ملکوں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، زمبابوے، افغانستان اور آئر لینڈ کے علاوہ بارہ ایسوسی ایٹ ملکوں نے اپنے کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

تعارف: newseditor