لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو یک طرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 159 رنز سے شکست دے کر پانچ میچ کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے میچ پر غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کوئی بھی بھارتی بلے باز اپنی دونوں اننگز میں نصف سنچری تک اسکور نہ کرپایا جبکہ کپتان ویرات کوہلی بھی اپنا جادو نہ دکھا پائے۔بارش متاثرہ اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کا فیصلہ ان کے بولرز نے درست ثابت کرتے ہوئے دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ تصور کی جانے والی بھارتی بیٹنگ کو صرف 107 رنز پر چلتا کیا۔کوئی بھی بھارتی بلے باز 30 رنز بھی نہ بنایا پایا۔ اشون 29 اور کوہلی 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس ووکس دو اور کرس براڈ اور ایم کرن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں انگلینڈ نے بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف 396 بناکر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی۔ابتداء میں انگلینڈ کی بیٹنگ کو بھی مشکلات کا سامنا رہا اور ایک موقع پر اس کی پانچ وکٹیں 131 رنز پر گرگئی تھیں۔تاہم اس موقع کرس ووکس اور جونی بیئرسٹو نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 189 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔کرس ووکس نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 137 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ جونی بیئرسٹو نے 93 رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی اور ہاردک پانڈیا نے تین، تین جبکہ ایشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔یوں انگلینڈ کو بھارت پر 289 رنز کی برتری حاصل ہوگئی اور اس نے بھارتی ٹیم کو فالو آن کے ذریعے دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دی۔دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ کے بولرز بھارتی بلے بازوں کا شکار کرتے رہے اور پوری بھارتی ٹیم 130 پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اشون 33 جبکہ پانڈیا 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور کرس براڈ نے چار، چار جبکہ کرکس ووکس نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔شاندار کارکردگی پر کرس ووکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔