لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے جشن آزادی انٹر کلب کراٹے و تائیکوانڈو کے مقابلے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں پیر کے روز منعقد ہوئے، شائقین کی بڑی تعداد نے مقابلے دیکھے،جمنیزیم ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، مہمان خصوصی ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیاہے، زندہ قومیں اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے مناتی ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام صوبہ بھر میں کھیلوں کے مقابلے ہورہے ہیں جس میںہزاروں نوجوان کھلاڑی حصہ لے کر پاکستان سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں، نوجوان محنت کریں اور ہر شعبہ زندگی میں پاکستان کا نام روشن کریں، سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے، نوجوان کھلاڑیوںکے لئے سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر بنادیا ہے جس کے تحت کھلاڑیوں کو جدید سہولتیں میسر ہیں جس سے وہ اپنے کھیل کو مزید بہتر بنارہے ہیں، ہم سب کو پاکستان کی ترقی اور عزت کے لئے کام کرنا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ اور اقبال شاہد بھی موجود تھے۔