لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔بھارتی پنجاب کےوزیربلدیات بھی ان کے ہمراہ آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈرلاہور پہنچے ہیں ، ان کی آج شام5 بجےتک اسلام آباد آمد متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھوکی آج رات نامزدوزیراعظم عمران خان سےملاقات متوقع ہے۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی جمہوریت میں آنیوالی تبدیلی بہت اچھی ہے،میں یہاں دعوت پر محبت کا پیغام لےکر آیا ہوں، کھلاڑی اور فنکار فاصلے مٹاتے ہیں اور ایک دوسرے کو آپس میں جوڑتے ہیں۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے 3 بھارتی سابق کرکٹرز کو دعوت دی گئی تھی، تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کی ۔دوسری جانب سدھو نے بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے اس تقریب میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز کا باعث قرار دیا ۔