چیئرمین پی سی بی کا معاملہ،قوانین سے لاعلم وزیراعظم کو دوسرا ٹویٹ کرنا پڑا

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے آئی سی سی کے سابق صدر اور مشہور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نامزد کیا ہے۔

احسان مانی نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ میرا اورعمران خان کا وژن ایک ہے میں نے کیا کرنا ہے اس بارے میں بعد میں بات کروں گا لیکن پاکستان کرکٹ کو بلندیوں پر لے کر جاؤں گا۔

احسان مانی کو چیئرمین بننے کے لیے پی سی بی بورڈ آف گورنرز سے ایک تہائی اکثریت حاصل کرنا ہوگی۔ وزیر اعظم عمران خان پی سی بی قوانین سے لاعلم تھے انہوں نے نجم سیٹھی کے مستعفی ہوتے ہی سوشل میڈیا پر احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

تاہم ایک گھنٹے بعد انہیں جب قانون کا علم ہوا تو انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کیا کہ ‘ہم چیئرمین پی سی بی کے لیے آئینی طریقہ کار کے مطابق چلیں گے، میں احسان مانی کو بورڈ آف گورنرز کے لیے نامزد کروں گا، احسان مانی کو الیکشن لڑ کر چیئرمین بننا ہوگا’۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر چار ہفتے میں نجم سیٹھی کی جگہ نئے چیئرمین کی تقرری کے لیے الیکشن کرائیں گے۔

عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پہلے پیغام میں کہا کہ ‘میں نے احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی تعینات کردیا ہے، وہ اپنے ساتھ وسیع اور قیمتی تجربہ لائیں گے، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ تین سال تک آئی سی سی میں خزانچی رہے اور پھر 3سال تک آئی سی سی کی سربراہی کی’۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی جگہ احسان مانی بورڈ آف گورنرز میں نامزد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے تحت ملک کا وزیراعظم بورڈ کا پیٹرن انچیف ہوتا ہے اور پی سی بی کے آئین مطابق وزیراعظم اپنے دو نمائندے بورڈ آف گورنرز میں نامزد کرسکتا ہے جس کے بعد بورڈ آف گورنرز کے 10 ارکان بورڈ کے نئے چئیرمین کا باضابطہ طور پر انتخاب کرتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا بورڈ آف گونرز اس وقت 10 نمائندوں پر مشتمل ہے جن میں 4 اداروں کے اور 4 ریجنز کے نمائندے ہیں جبکہ 2 نمائندے حکومت کے ہوتے ہیں جن کے نام وزیراعظم کی طرف سے دیے جاتے ہیں جن میں سے ایک چیئرمین منتخب ہوتا ہے۔

error: Content is protected !!