ناٹنگھم ٹیسٹ،انگلش ٹیم شکست کے دہانے پر پہنچ گئی

ناٹنگھم(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم 521 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 311 رنز پر 9وکٹیں گنوا کر شکست کے دہانے پر پہنچ گئی ہے اور بھارت کو میچ میں فتح کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں جاری سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے 23 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پہلے ہی سیشن میں فاسٹ باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت مہمان ٹیم نے اپنی کامیابی کے امکانات روشن کر لیے۔ایشانت شرما نے عمدہ اسپیل کرتے ہوئے دن کے اپنے ابتدائی دو اوورز میں ہی دونوں انگلش اوپنرز کیٹن جیننگز اور ایلسٹر کک کو میدان بدر کردیا۔جو روٹ بھی ٹیم کے کچھ کام نہ آ سکے اور 62 کے مجموعی اسکور پر جسپریت بمراہ کی وکٹ بن گئے جبکہ اسی اسکور پر اولی پوپ کی اننگز بھی اختتام پذیر ہوئی۔دن کے پہلے ہی سیشن میں 62 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد جوز بٹلر اور بین اسٹوکس وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 169 رنز کی شراکت قائم کر کے بھارتی ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کر دیں اور اس شراکت کے سبب حریف کپتان ویرات کوہلی کے چہرے پر پریشانی واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھی۔اس دوران بٹلر نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی لیکن بھارت نے نئی گیند ملتے ہی تیسرے اوور میں بٹلر کی اہم وکٹ حاصل کر لی جنہوں نے 21 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے۔انگلش ٹیم کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اگلی ہی گیند پر بمراہ نے جونی بیئراسٹو کی وکٹیں بکھیر کر انگلینڈ کی میچ بچانے کی رہی سہی امیدوں کا بھی خاتمہ کردیا جبکہ مجموعی اسکور میں 10رنز کے اضافے سے کرس ووکس بھی پویلین لوٹے۔بین اسٹوکس بھی بھارتی باؤلرز کے خلاف مزید مزاحمت نہ کر سکے اور 62رنز بنانے کے بعد ہردک پانڈیا کی وکٹ بن گئے۔241 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد اسٹورٹ براڈ اور عادل راشد نے کچھ مزاحمت کی اور نویں وکٹ کے لیے 50رنز جوڑے لیکن بمراہ نے براڈ کو اپنا پانچواں شکار بنا کر انگلینڈ کو نواں نقصان پہنچایا۔جب میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے تھے اور اسے میچ میں فتح کے لیے مزید 210 رنز درکار ہیں۔بھارت کی جانب سے بمراہ نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشانت شرما نے دو وکٹیں لیں۔یاد رہے کہ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان انگلینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

تعارف: newseditor