اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات نے وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے زیر سایہ پاکستان میں کھیلوں کی بہتری کیلیے بھی انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔پی ایف ایف سیکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان کی جانب سے کھیلوں کے میدانوں اور عمارات کو قبضہ گروپوں سے نجات دلانے کے عزم کوقابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے انفراسڑکچر بنانا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے طویل عرصہ تک فٹبال کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں،اب پاکستان فٹبال درست سمت میں گامزن ہے،کھلاڑیوں کے یومیہ الاؤنس میں مزید اضافے سمیت ان کا معاشی تحفظ یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں،اس مقصد کیلئے فنڈز کی اشدضرورت ہے،کھیل میں بہتری کے منصوبے جاری رکھنے اور انہیں مزید موئثر بنانے کیلئے حکومت سے 10کروڑ روپے فنڈز کامطالبہ کرتے ہیں۔ سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ مسائل اور وسائل کی کمی کے باوجود قومی ٹیم کو ایشیا کپ کی تیاریوں کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی،عالمی رینکنگ میں نمبر 161نیپال کیخلاف تاریخی کامیابی ایک نیک شگون ہے، اس موقعہ پر ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچز، پی ایف ایف کے ٹیکنیکل ڈائیریکٹر کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے یہ فتح پاکستان میں فٹ بال سے محبت کرنے والوں کے نام کر دی، فٹنس اور ٹریننگ کے معاملے میں برازیلی کوچز کو فری ہینڈ دیا،دونوں شعبوں میں نمایاں بہتری آئی، قومی ٹیم کی کارکردگی کی زمہ داری وکوچز کی ہے لحاظہ انہوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، بہترین کی جانب سفر جاری رکھنے اور اپنی رینکنگ بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستان پریمئر لیگ کا معیار بہتر بنانے کیلئے ہر سکواڈ میں2 یا 3غیرملکی فٹبالرز کو شامل کرنے کا پلان بنارہے ہیں،آئندہ سال پروفیشنل لیگ متعارف کروانے کیلئے بھی کام کیا جارہا ہے۔ویمنز فٹبال کے فروغ کیلئے جاپان سے کوچ کی خدمات حاصل کرنے کیلئے بات چیت چل رہی ہے، خواتین کے قومی اورانٹرنیشنل مقابلوں کا تسلسل کیساتھ انعقاد کیا جارہا ہے،فیفا کی ہدایت پر پی ایف ایف کے سٹیچییوٹس کو انٹرنیشنل باڈی کے ہم پلہ بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں،اس ضمن میں پی ایف ایف کانگریس کا انعقاد جلد کیا جائے گا