نیویارک (سپورٹس لنک رپورٹ)گزشتہ ہفتے رومن رینز نے 2 سال بعد پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن شپ جیت لی تھی اور پھر اپنے گروپ شیلڈ کے ساتھ اکھٹے ہوئے اور اب انہوں نے جان سینا کو بھی اس اعزاز سے محروم کردیا جو برسوں سے ان کے نام تھا۔جان سینا نے 15 برسوں میں پہلی بار سمر سلیم میں شرکت نہیں کی اور اس کا فائدہ رومن رینز کو ہوا جنھوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے ٹاپ مرچنڈائز سیلر (کمپنی کی ریسلر کے نام سے تیار کی جانے والی اشیاءجیسے ٹی شرٹ) ہونے کا اعزاز سینا سے چھین لیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا میں رومن رینز کو لوگ اتنا زیادہ پسند نہیں کرتے بلکہ اکثر ان کے خلاف ڈبلیو ڈبلیو ای شوز میں احتجاج کرتے نظر آتے ہیں۔مگر ان سے منسلک مرچنڈائز کی فروخت بہت زیادہ ہورہی ہے اور اب رومن رینز ڈبلیو ڈبلیو ای شاپ ڈاٹ کام کے نئے بادشاہ بن چکے ہیں۔ڈبلیو ڈبلیو ای کا ماننا ہے کہ جو لوگ ٹی وی پر رومن رینز کے خلاف نعرے لگاتے ہیں، وہ ضروری نہیں کہ کمپنی کو نقصان پہنچا سکے خصوصاً جب تک ٹکٹ فروخت ہورہے ہیں۔ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے رومن رینز کو بے بی فیس (اچھے ریسلر) کے طورپر دکھایا جاتا ہے اور کسی بھی صورت کمپنی انہیں ولن بنانے کے لیے تیار نہیں، حالانکہ اکثر ریسلنگ ماہرین اور مداحوں کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جاتا ہے۔جان سینا 2005 سے مسلسل ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے زیادہ مرچنڈائز فروخت کرنے والے اسٹار تھے اور اب لگ بھگ 13 سال بعد ان سے یہ اعزاز رومن رینز نے چھینا ہے۔خیال رہے کہ رومن رینز نے گزشتہ ہفتے بروک لیسنر کو ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ سمر سلیم میں شکست دے کر یونیورسل چیمپئن شپ اپنے نام کی تھی۔