نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی سیریز،شیڈول تاخیر کا شکار

ویلنگٹن(سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈتا حال پاکستان کے خلاف آنے والی کرکٹ سیریز کا شیڈول حاصل نہیں کرسکا۔ اکتوبر کے آخر سے نومبر کے آخر تک ہونے والی سیریز میں تینوں فارمیٹ کے 3،3 میچ کھیلے جانے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز کے لئے کیوی میڈیا بھی سوال اٹھا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دورے کے آغاز میں 2 ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، لیکن بورڈ ابھی تک میچوں کی تاریخ اور انکے مقامات کے حوالے سے اندھیرے میں ہے۔ کیوی میڈیا نے تاخیر کی وجہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم سابق کرکٹر عمران خان کے الیکشن اور پی سی بی میں بڑی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ صرف نیوزی لینڈ ہی نہیں بلکہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کا شیڈول تیار نہیں کرسکا۔ نجم سیٹھی کے استعفے اور احسان مانی کی تقرری کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے میڈیا نے یہ بھی لکھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان میں ٹی20 سیریز کھیلنے کی درخواست پہلے ہی مسترد کرچکا ہے۔

تعارف: newseditor