لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے سابق اسپن بولر اور انگلش ٹیم کے اسپن کنسلٹنٹ ثقلین مشتاق نے بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی کی بیٹنگ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کوہلی موجودہ دور کے واحد کرکٹر ہیں جو لیجنڈبیٹسمین سچن ٹنڈولکر کے معیار تک پہنچنے کے قریب ہیں۔بھارتی اخبار کے مطابق ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ بحیثیت بیٹسمین ٹنڈولکر بہت بڑے کھلاڑی رہے ہیں، میں دو عہد کا موازنہ نہیں کررہا لیکن آج کے دور میں ویرات کوہلی واحد بیٹسمین ہیں جو سچن کےقریب آگئے ہیں۔سابق پاکستانی رائٹ آرم آف بریک بولر کا کہنا تھا کہ جس انداز میں کوہلی رنزبنارہے ہیں وہ انگلش ٹیم کے لئے بدشگون ہے، پہلے ٹیسٹ کے دوران میں نے ایک سائن بورڈ دیکھا جس پر تحریر تھا، یہ ’انگلینڈ بمقابلہ کوہلی ‘ ہے، اگر ہم کوہلی کو ایک طرف کردیں تو یہ انگلینڈ کے لئے بہت آسان ہوجائے گا۔ثقلین مشتاق نے مزید کہا کہ اگر آپ کوچنگ کے نکتہ نگاہ سے دیکھیں تو کوہلی کے ساتھ بیٹنگ کرنے والے بیٹسمین بھی رنز اسکور کرتے ہیں، کوہلی جیسے ورلڈ کلاس بیٹسمین کی ٹیم میں موجودگی یقیناً پوری بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط کرتی ہے۔