ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے بنگلہ دیش کی ٹیم کا اعلان

ڈھاکہ (سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلہ دیش نے آئندہ ماہ شیڈول ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں سے صابر رحمان اور انعام الحق کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیشی ٹیم تو فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی لیکن اس سیریز میں صابر اور انعام کی کارکردگی بہت واجبی رہی جس کے سبب انہیں ایشیا کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا۔تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنانے پر 6ماہ پابندی کا سامنا کرنے والے صابر رحمان سیریز میں صرف 27رنز بنا سکے تھے جبکہ انعام الحق بھی صرف 33رنز اسکور کر سکے تھے۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے سربراہ منہاج العابدین نے کہا کہ صابر کی فارم بہت خراب تھی جس کی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں برقرار رکھنا مشکل تھا، انہیں منتخب نہ کرنے کا ڈسپلن کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انعام الحق کو اس لیے ڈراپ کیا کیونکہ وہ بھی ویسٹ انڈیز میں ہماری توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ آل راؤنڈر عارف الحق اور وکٹ کیپر محمد متھن کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔انگلی کی انجری کا شکار شکیب الحسن کو اسکواڈ میں منتخب نہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی کیونکہ ان کی انجری کے سبب ایونٹ میں شرکت کے امکانات بہت معدوم ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم ایشیا کپ کے گروپ بی میں موجود ہے جہاں اسے افغانستان اور سری لنکا کا چیلنج درپیش ہو گا۔15 سے 28ستمبر تک منعقد ہونے والے ایونٹ کے دوسرے گروپ میں دفاعی چیمپیئن بھارت، پاکستان اور کوالیفائر موجود ہیں۔ایشیا کپ کے لیے بنگلہ دیشی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔مشرفی مرتضیٰ(کپتان)، شکیب الحسن، تمیم اقبال، محمد متھن، مٹن کمار، مشفیق الرحیم، عارف الحق، محمداللہ ریاض، مصدق حسین، نظم الحسین، مہدی حسن، نظم الاسلام، روبیل حسین، مستفیض الرحمان اور ابو حیدر۔

تعارف: newseditor