کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ میں نجم سیٹھی کے استعفے کے ساتھ ہی تبدیلیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ کچھ تبدیلیاں نئے چیئرمین کے آنے سے قبل ہورہی ہیں۔ نجم سیٹھی کے قریب رہنے والے ڈائر یکٹر میڈیا امجد بھٹی پاکستان کرکٹ بورڈ کو خیر باد کہہ گئے ہیں۔ پی سی بی کے نئے چیئرمین احسان مانی منگل کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ کسی افسر کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ پی سی بی کے ڈھانچے کا اوپر سے نیچے تک جائزہ لوں گا جس کے بعد کوئی فیصلہ کروں گا۔ وقت کے ساتھ ساتھ میری سمت کا تعین ہوگا میں اپنے موقف پر کلیئر ہوں لیکن اس وقت کوئی بات شیئر نہیں کرنا چاہتا۔ واضح رہے کہ احسان مانی کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر سلمان نصیر کے ساتھ پی سی بی کے سرپرست اعلی اور وزیر اعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ملا قات کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بورڈ کے آئین کی کچھ شقوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ احسان مانی چارج سنبھال کر آئین میں کچھ خامیوں کو بہترکرنا چاہتے ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران احسان مانی نے کہا کہ میں نے ساری زندگی کرکٹ کھیلی ہے اور کرکٹ کو اچھی طرح سمجھتا ہوں۔ پی سی بی میں چیئرمین بننے کے بعد سب سے پہلے بورڈ کے ڈھانچے کو اوپر سے نیچے تک دیکھوں گا۔ کسی ملازم سے نہ ذاتی عناد ہے اور نہ بدلے اور لڑائی پر یقین رکھتا ہوں۔ چاہتا ہوں کہ بورڈ میں پروفیشنل سیٹ اپ آئے۔جو لوگ اچھا کام کررہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور جو لوگ توقعات پر پورا نہیں اتر رہے ہیں انہیں گھر جانا پڑے گا۔ ایک بار جائزہ لے کر دیکھوں گا کہ کون کون سے لوگ میری ٹیم میں فٹ ہوسکتے ہیں اور کون کون ایسے ہیں جنہیں انتظامی معاملات پر عبور نہیں ہے۔ واضح رہے کہ نجم سیٹھی کے جانے کے بعد ذاکر خان ڈائر یکٹر انٹر نیشنل کرکٹ کے عہدے پر بحال ہوگئے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر عون زیدی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر منصور رانا کو اسسٹنٹ منیجر مقرر کردیا گیا ہے۔ ماضی میں پی سی بی کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے ٹیسٹ فاسٹ بولر سکندر بخت کو ایشین کرکٹ کونسل کی ٹیکنیکل کمیٹی میں نامزد کیا گیا ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ کام کرنے والوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن نالائق لوگوں کی میری ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہے۔