لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ): قومی کرکٹر کامران اکمل نے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر گلے شکوے شروع کردیئے۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں کامران اکمل کی شاندار بیٹنگ کی باعث پشاور زلمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ کامران اکمل لیگ کے ٹاپ اسکوررز میں بھی شامل تھے جنہوں نے ایک سنچری کی بدولت 425 رنز بنائے تھے۔شاندار بیٹنگ کے باوجود کامران اکمل قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگئے تھے لیکن اب قومی کرکٹر ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر پھٹ پڑے ہیں۔وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فٹنس ہے اور فارم میں بھی ہوں ٹیم میں شامل کیوں نہیں کرتے؟ کیا کروں سر پر بلا مار لوں؟ ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آرہا کیا کروں؟ حق کے لئے لڑوں تو نوٹس جاری ہوجاتا ہے۔واضح رہے کہ کامران اکمل گزشتہ سال ویسٹ انڈیز ٹیم سے ایک روز میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد سے ٹیم سے آؤٹ ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اچھی کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ کامران نے ویسٹ انڈیز میں خراب فیلڈنگ کی تھی اور صورت حال تبدیل نہیں ہوئی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھا ہونا ضروری ہوتا ہے۔