لاہور:(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کا کہنا ہےکہ بھارت کے خلاف میچ کا الگ دباؤ ہوتا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ پاک بھارت میچ میں دباؤ نہیں ہوگا کیونکہ بھارت کے خلاف میچ کا الگ دباؤ ہوتا ہے، میچ میں بھارت کے بولرز پر بھی بہت دباؤ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت ورلڈ کلاس سائیڈ ہے اور کوہلی کے نہ ہونے سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔فخر زمان کا کہنا تھا کہ محمدحفیظ کے نہ ہونے پر تبصرہ نہیں کرسکتا کیونکہ یہ سلیکشن کمیٹی کا کام ہے، تبصرے ریٹائرمنٹ کے بعد ہی کر سکتا ہوں۔یاد رہے کہ ایشیا کپ رواں ماہ کی 15 تاریخ سے دبئی میں شروع ہوگا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی جب کہ ایونٹ میں 19 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹکراؤ ہوگا۔