ممبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی کرکٹ ٹیم کی بیرون ملک بیٹنگ لائن کی ناکامی نے بورڈ حکام کو پریشان کردیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں 3-1سے شکست کے بعد کوچ روی شاستری کی کارکردگی زیربحث آگئی ہے۔ انہیں مکمل اختیارات کے ساتھ کپتان ویرات کوہلی سے مشورہ کرکے کوچنگ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ وہ انگلینڈ میں ٹیم کی شکست کے باوجود مجموعی پرفارمنس کا دفاع کررہے ہیں۔ مبصرین کہتے ہیں کہ سابق آل رائونڈر اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہیں۔ اب سابق کپتان سارو گنگولی نے شاستری سے متعلق کافی سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ روی شاستری کی تقرری کے وقت راہول ڈریوڈ نے بیٹنگ مشیر بننے کی پیشکش قبول کرلی تھی، لیکن پھر اچانک شاستری سے ملاقات کے بعد انہوں نے انکار کردیا۔ میں آج تک اس کی وجہ سمجھنے سے قاصر ہوں۔ خیال رہے کہ گنگولی، سچن ٹنڈولکر اور وینکٹ لکشمن پر مشتمل کمیٹی نے ڈریوڈ کو بیٹنگ کوچ اور ظہیر خان کو غیرملکی دوروں کیلئے بولنگ کوچ مقرر کیا تھا لیکن شاستری کی کوچنگ ٹیم میں دونوں کو جگہ نہیں مل سکی تھی۔ دریں اثنا بدھ کو میڈیا سے گفتگو میں ساشتری نے کہا کہ گذشتہ 15،20 سال میں کوئی ایسی بھارتی ٹیم نہیں جس نے غیرملکی سرزمین پر اتنی فتوحات حاصل کی ہوں۔ خیال رہے کہ بھارت نے اس دوران سری لنکا کیخلاف دو اور ایک سیریز ویسٹ انڈیز میں جیتی ہیں۔ اس نے گوکہ جنوبی افریقا اور انگلینڈ میں ایک ایک ٹیسٹ ضرور اپنے نام کیا ہے لیکن سیریز میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔