نیویارک(سپورٹس لنک رپورٹ)یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز کے فائنل میں جاپان کی کھلاڑی نومی اوساکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز کو با آسانی چھ دو اور چھ چار سے شکست دیکر پہلی بار یو ایس اوپن جیتنے میں کامیاب رہیں، یہ پہلا موقع ہے کہ جاپان کی کسی خاتون کھلاڑی نے گرینڈ سلام سنگلز اعزاز جیتا ہے، نومی اوساکا کے والد کا تعلق ہیٹی سے جبکہ ان کی والدہ کا تعلق جاپان سے ہے، اپنی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاپان کی کھلاڑی نومی کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں آرہا کہ وہ اپنی پسندیدہ کھلاڑی جن کیخلاف میچ کھیلنا ان کا خواب تھا کو شکست دیکر پہلی بار گرینڈ سلام اعزاز جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میرے لئے آج کا دن بہت بڑا دن ہے اور یہ مجھے زندگی میں کبھی نہیں بھولے گا، انہوں نے کہاکہ اس کامیابی سے آئندہ مقابلوں میں میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا، ادھر شکست سے دوچار ہونے والی سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے میں اپنی حریف نومی کو شاندار کھیل اور کامیابی پر مبارکباد دیتی ہوں۔