کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان تھروبال فیڈریشن کے صدر محمد طاہر نوید نے کہا ہے کہ پاکستان میں تھروبال کا کھیل مقبولیت حاصل کر رہا ہے ،انٹر نیشنل کوچنگ اینڈ ریفری کورسز سے یہ کھیل گراس روٹ لیول پر مزید مقبولیت حاصل کرے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی میں شروع ہونے والے پاکستان تھرو بال فیڈریشن کے زیر اہتمام انٹر نیشنل تھروبال کوچنگ اینڈ ریفری کورس کے آغاز پر اپنے خطاب میں کیا ،اس موقع پر پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکریٹری مقبول آرائیں ،ارشد خان اور دیگر بھی موجود تھے ،کورس کو سری لنکا کے انٹر نیشنل کوچ رمیش مجھیرا کنڈکٹ کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی کوچز نصرت سفیان،ایون فریڈرک اور عدنان ترین بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں طاہر نوید کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ماضی میں سری لنکاکی تمام شعبوں میں بہت مدد کی ہے پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات بھائیوں کی طرح ہیں ،ہم پاکستان میں سری لنکا کے کوچ کو خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارے کوچز ان سے بہت کچھ سیکھیں گے ۔اس سے قبل مقبول آرائیں نے اس دوروزہ کورس کے اغراض و مقاصد واضح کئے ،کورس میں پاکستان بھر سے200 سے زاید کوچز اور کھلاڑی شریک ہیں ،پہلے روز کورس کے شرکا کو تھروبال کے انٹر نیشنل رولز کے بارے میں بتایا گیا جبکہ دوران میچ تیکنکی رموز کے بارے میں آگاہی دی گئی ۔کورس کی اختتامی تقریب آج ہوگی ۔واضح رہے کہ کورس کا دوسرا مرحلہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد مرکز میں 13اور14ستمبر کو ہوگا ۔