ہر سال ڈسٹرکٹ کی سطح پر 34کھیلوں کی مقابلے کرائیں گے، محمد عامر جان


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ سپورٹس کیلنڈر جلد جاری کردیا جائے گا، ہر سال ڈسٹرکٹ کی سطح پر اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں 34کھیلوں کی مقابلے منعقد کرائے جائیں گے، پسماندہ علاقوں سے باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرکے آگے لائیں گے، سپورٹس پالیسی کی تیاری اولین ترجیح ہے، تمام اداروں اور سٹار کھلاڑیوں سے مشاورت جاری ہے، بہت جلد سپورٹس پالیسی تیارکرکے حکومت کو منظوری کیلئے بھیج دیں گے، گائو شالا میںجدید سپورٹس کمپلیکس تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں کہی، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ ہم اس ہدف پر کام کررہے ہیں کہ آئندہ چند برسوں میں ہیرو پیدا کرسکیں، اس کے لئے تیزی سے کام ہورہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو موبائل اور ٹی وی سے نکال کر گرائونڈز میں لے آئیں ، اس کے لئے نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کررہے ہیں، منٹو پارک (اقبال پارک)کا متبادل گائو شالا میں جدید سپورٹس کمپلیکس تیار کیا جارہا ہے جس کا 75 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، یہ منصوبہ جلد مکمل ہو جائے گا جس میں بہت سے کھیلوں کی سہولت ہوگی۔لاہور میں 15گرائونڈز بنائے جارہے ہیں جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جلد ہی ان کو عوام کے لئے کھول دیا جائے گا جس سے ہر علاقے کے نوجوان کو سپورٹس کی سہولت گھر کے قریب میسر آجائے گی، پسماندہ علاقوں سے باصلاحیت نوجوان تلاش کرکے آگے لائیں گے اس کے لئے ڈسٹرکٹ سپورٹس کیلنڈر تیار کیا جارہا ہے، جس کے تحت ہر سال اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں 34کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوا کریں گے اس میں تعلیمی اداروں کو بھی شامل کریں گے، ڈسٹرکٹ سطح پر چیمپئن شپ ہوں گی جس کے بعد ڈویژن سطح پر مقابلے منعقد کرائیں گے اور پھر پنجاب کی سطح تک ان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی ترقی کے لئے سپورٹس تنظیموں کو بھی ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ایسوسی ایشنز کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ ہم ان منصوبوں پر بھی کام کررہے ہیں جن کو آئندہ 100دنوں میں مکمل کیا جاسکے، سپورٹس کے فروغ کے لئے کھلاڑی کو سپورٹ کررہے ہیں تاکہ سپورٹس ہیروز پیدا ہوں ۔

تعارف: newseditor