فیصل آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کھیل کے فروغ کیلئے پرعزم


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر حسیب اللہ شاہد ، سیکرٹری جنرل اعجاز فاروق اور گروپ لیڈر رانا انیس احمد خان نےکہا ہے کہ فیصل آ باد میں کرکٹ کا حقیقی فروغ ان کا اولین مقصد ہے اور اس کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ لاہور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل آباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر حسیب اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن فیصل آباد میں کلب کرکٹ کی سرگرمیاں مانند پڑ گئیں اور ہمارے گروپ نے گزشتہ تین برس میں کرکٹ کے فروغ کے لئے جو اقدامات اٹھائے تھے ان کو بری طرح سے ٹھیس پہنچی تاہم اب اللہ نے ہمیں دوبارہ موقع دیا ہے تو ہم فیصل آباد میں دوبارہ بھرپور کرکٹ سرگرمیاں شروع کریں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ان کا جائز مقام بھی دلوائیں گے ۔ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز فاروق نے کہا کہ ہم نے اپنے گزشتہ تین سالہ دور میں بھی بھرپور کرکٹ کروائی تھی اور اب یہ سلسلہ وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ٹوٹا تھا بہت جلد ہم ڈسٹرکٹ کلب چیمپئن شپ کو حتمی شکل دیں گے اس کے علاوہ ہماری کلب کے زیر اہتمام جاری اعجاز فاروق ٹی ٹونٹی چیمپیئن کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم پاکستان عمران خان ، اور چئیرمین پی سی بی احسان مانی کے ویژن کے مطابق ہم گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو بھرپور انداز میں فروغ دیں گے انہوں نے کہا ہماری کوشش ہوگی کہ ٹیموں کا انتخاب خالصتا میرٹ کی بنیاد پر ہو اور ہم ڈسٹرکٹ میں کرکٹ کے فروغ کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ گروپ لیڈر رانا انیس احمد خان نے کہا کہ ہم شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کروانے پر چئیر مین پی سی بی احسان مانی کے شکر گذار ہیں اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن فیصل آباد میں شفاف غیر جانبدار انتخابات پی سی بی نئی انتظامیہ کے ویژن کے عکاس ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم فیصل آباد ڈسٹرکٹ اور ریجن میں کھیل کے فروغ کے لئے کاوشیں کرتے رہیں گے اور جلد ہی ہم دوبار فیصل آباد ڈسٹرکٹ اور ریجن میں کرکٹ اپنے عروج پر ہوگی.

error: Content is protected !!