ایشیاکپ سپر فور مرحلہ،پاکستان کوجیت کیلئے 258 رنز کاہدف


دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اورافغانستان کے درمیان جاری میچ میں افغانستان کی ٹیم نے اپنے بیٹسمین حشمت اللہ شاہدی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو جیت کیلئے 258رنزکا ہدف دیدیا ہے، افغانستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا،پاکستان کے ابتدائی گیند بازوں کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو سست آغاز فراہم کیا اور 31 رنز پر اس کی دو وکٹیں گرگئیں۔اس موقع پر حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔بعدازاں اصغر افغان اور حشمت اللہ شاہدی کے درمیان شاندار 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کی بدولت افغانستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔اصغر 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم حشمت اللہ کی جانب سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔ دیگر افغان بلے بازوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز کے خلاف گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس لگائے۔حشمت اللہ نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستانی فیلڈرز نے بھی افغانستان ٹیم کی بھرپور مدد کرتے ہوئے چار آسان کیچ ڈراپ کردیے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!