ٹور میچ، آسٹریلیا کے پاکستان اے ٹیم کے خلاف پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 494 رنز


دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلیا نے پاکستان اے ٹیم کے خلاف ٹور میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 494 رنز بنا کر مجموعی طور پر 216 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، مچل مارش، شان مارش اور ٹریوس ہیڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، مچل مارش 162 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، شان مارش 94 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ٹریوس ہیڈ 90 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، وقاص مقصود اور افتخار احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پیر کو دبئی میں جاری ٹور میچ کے تیسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 207 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو شان مارش 54 اور مچل مارش 53 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر پاکستانی باؤلرز کا مقابلہ کیا اور ٹیم کا سکور 311 تک پہنچا دیا، شان مارش 94 رنز بنانے کے بعد افتخار احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر ٹریوس ہیڈ نے مچل مارش کا ساتھ دیا، دونوں نے مل کر سکور 417 تک پہنچایا، مچل مارش 162 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد وقاص کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد ہیڈ اور مارنس لبوشگنے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 4 وکٹوں پر 494 رنز بنا کر 216 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، ہیڈ 90 اور مارنس 39 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔

error: Content is protected !!