قائد اعظم ٹرافی ون ڈے کپ، راولپنڈی نے کراچی وائٹس اور واپڈا نے زیڈ ٹی بی ایل کو ہرا دیا


راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ) قائداعظم ٹرافی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں راولپنڈی نے کراچی وائٹس اور واپڈا نے زیڈ ٹی بی ایل کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پول بی کے میچ میں راولپنڈی ریجن نے کراچی وائٹس کو 7 وکٹوں سے ہرایا، کراچی وائٹس پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کاشف اقبال 77 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سعد الطاف نے 3 جبکہ اسماعیل اور آصف علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں راولپنڈی نے مطلوبہ ہدف 41ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، مختار احمد نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 7 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 161 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، محمد نواز 66 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گے میچ میں واپڈا نے زیڈ ٹی بی ایل کو 5 رنز سے ہرا دیا، خراب موسم کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لویس میتھڈ کے تحت کیا گیا، زیڈ ٹی بی ایل کے 264 رنز کے جواب میں واپڈا نے 38 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر189 رنز بناے تھے کہ کم روشنی کے باعث میچ کو روک دیا گیا، 5 رنز زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈک ورتھ لویس میتھڈ کے تحت واپڈا کو فاتح قرار دیا گیا، کپتان سلمان بٹ نے 97 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

تعارف: newseditor