لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے نیشنل جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ جمعرات کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں شروع ہوگئی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر چیمپئن شپ کے انعقاد کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب تمام سہولتیں فراہم کررہا ہے، چیمپئن شپ 14اکتوبر تک جاری رہے گی، افتتاحی تقریب میں سیکرٹری جنرل پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن واجد علی چودھری، ممبر اوورسریز پاکستانی کمیشن ماجد علی چودھری، سیکرٹری پنجاب بیڈ منٹن ایسوسی ایشن طیب سہیل، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ اور شائقین بیڈمنٹن کی بڑی تعداد نے شرکت کی، چیمپئن شپ میں پنجاب، سندھ، بلوچستان خیبر پختونخوا، فاٹا اور اسلام آباد کے بوائز اور گرلز کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن واجد علی چودھری نے چیمپئن شپ کے انعقاد کیلئے تعاون پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جس سے ایونٹ کی رونقیں دوبالا ہوگئی ہیں، کھلاڑی سہولتوں کی فراہمی پر خوش ہیں اور محنت اور جذبے کے ساتھ چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں۔
چیمپئن شپ کے پہلے روز مختلف کیٹیگریز کے مقابلے ہوئے،بوائز سنگلز انڈر 14 کے پہلے رائونڈ میں ہونے والے مقابلوں میں خیبر پختونخوا کے حاشر نے سندھ کے علی زین، خیبر پختونخوا کے عمرخان نے بلوچستان کے محمد علی مہدی، اسلام آباد کے زاویر نے بلوچستان کے اسرار حسن کو ہرادیا۔
بوائز سنگلز انڈر 16 کے پہلے رائونڈ میں سندھ کے محمد طحہ نے بلوچستان کے حسن رضا، خیبر پختونخوا کے محمد عذیر نے بلوچستان کے سید حسن،خیبر پختونخوا کے دانیال شہزادہ نے پنجاب کے نعمان حبیب، پنجاب کے محمد حنیف نے بلوچستان کے غدیر علی، پنجاب کے حارث فرید نے بلوچستان کے مظہر حسین، خیبر پختونخوا کے حمزہ نے اسلام کے ماحد بن رافع کو شکست دی۔
بوائز سنگلز انڈر 18 کے پہلے رائونڈ میں اسلام آبادکے مبارض بن رافع نے سندھ کے دانیال شیگل، پنجاب کے جلیس یوسف نے اسلام آباد کے علی ارشد، سندھ کے مزمل وسیم نے بلوچستان کے عمران علی، پنجاب کے مقسط عامر نے اسلام آباد کے عیسٰی خان جاگیزئی،پنجاب کے اسد طاہر نے آزاد کشمیر کے مکرم علی، بلوچستان کے علی اکبر نے خیبر پختونخوا کے شایان،سندھ کے ملک حسام اللہ نے آزاد کشمیر کے حمزہ وشال، پنجاب کے انس اختر نے اسلام آباد کے عامر شہزاد کو ہرادیا۔