لاہور: (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کا ایک ریکارڈ ایسا بھی ہے جسے دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر، اے بی ڈی ویلیرز، ویرات کوہلی اور دیگر ابھی تک نہیں توڑ سکے ہیں۔ریکارڈ بک میں جتنی تبدیلیاں ایک کرکٹ میچ سے ہوتی ہیں، شاید ہی دنیا کے کسی دوسرے کھیل میں اتنی تبدیلیاں ہوتی ہوںگی لیکن پھر بھی کرکٹ میں کچھ ایسے تاریخی ریکارڈز ابھی بھی موجود ہیں ، جو سالہا سال گزر جانے کے بعد بھی نہیں ٹوٹے ہیں۔ان ریکارڈز میں سے ہی ایک ریکارڈ پاکستان کے عظیم بلے باز جاوید میانداد کا ہے جس کو اب تک سچن ٹندولکر اور ویرات کوہلی بھی توڑنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔میانداد اب تک دنیا کے وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے لگاتار 9 ایک روزہ میچوں میں نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ میانداد نے یہ کارنامہ 1987ء میں انجام دیا۔ 1987ء کے اپریل، مئی اور اکتوبر میں انہوں نے لگاتار 9 میچوں میں نصف سنچریاں بنائیں۔ ان میں تین نصف سنچریاں انہوں نے اپنے روایتی حریف ہندوستان کے خلاف بنائیں۔جاوید میانداد نے اپنی اس نصف سنچریوں کے سلسلہ کا آغاز ہندوستان کے خلاف 24 مارچ 1987ء میں جمشید پور سے کیا تھا۔ ان 9 نصف سنچریوں میں انہوں نے تین ہندوستان کے خلاف، چار انگلینڈ کے خلاف اور ایک ایک آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف بنائیں۔