قومی ہاکی ٹیم کی انتظامیہ کےدرمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے


مسقط(عبدالرحمان رضا)مسقط میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ہاکی ٹیم کی انتظامیہ کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے، جنوبی کوریا سے پہلے میچ میں تین ایک کے واضح فرق سے جیتنے والی پاکستان ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں تین ایک کی واضح شکست کھانا پڑی تھی، انتہائی معتبرذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں قومی ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار اور کوچ محمد ثقلین کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی، دوران میچ حسن سردار نے کوچ محمد ثقلین کو کھلاڑیوں کوہدایات جاری کرنے سے بھی روک دیا تھا، ذرائع کاکہناہےکہ کوچ محمد ثقلین کی جانب سے گیم کو کنٹرول کرنے کی ہدایت پر منیجر حسن سردار نے ان کے ساتھ بدکلامی کی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کے ساتھ ساتھ کپتان اورکھلاڑیوں میں اختلافات موجود ہیں، بھارت کیخلاف میچ کےدوران کپتان رضوان سینئر گول کیپر عمران بٹ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ باربار کرتے رہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوچ محمد ثقلین نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھرکو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔

تعارف: newseditor