نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ) سابق بھارتی فاسٹ باؤلر پراوین کمار نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ 32 سالہ کمار کو 2007ء سے 2012ء کے دوران 84 انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا اور انہوں نے مجموعی طور پر تینوں فارمیٹس میں 112 وکٹیں لیں۔ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لئے باعث اعزاز بات ہے، میں سمجھتا ہوں کہ میرا کیریئر ختم ہو چکا ہے اور مجھے ریٹائرمنٹ لیتے ہوئے کوئی پچھتاوا نہیں ہو رہا، اپنے علاوہ دوسرے کھلاڑیوں کے مستقبلے کے بارے سوچنا زیادہ اہم ہے، اگر میں کھیل جاری رکھتا ہوں تو ایک کی جگہ لوں گا اسلئے میں نے کرکٹ سے کنارہ کشی کا فیصلہ کیا تاکہ کسی دوسرے کھلاڑی کا کیریئر متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے باؤلنگ کوچ بننے کی پیشکش کی گئی تو اسے قبول کروں گا کیونکہ میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربے سے روشناس کرانا چاہتا ہوں۔