ویلنگٹن(سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز روز ٹیلر نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے قبل 100 ٹیسٹ میچز مکمل کرنا چاہتا ہوں۔ سابق کیوی کپتان نے ابھی تک 85 ٹیسٹ کھیل رکھے ہیں اور اگر وہ مسلسل کھیلتے رہے تو جنوری 2020ء میں ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کر سکتے ہیں۔ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک فٹ ہوں تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی جاری رکھوں گا، جب آپ کو کسی ایک سکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا جاتا ہے تو اس کے ساتھ ساتھ آپ کا اعتماد بھی کم ہو جاتا ہے اور ایسی صورت میں پرفارم کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات کھلاڑی محسوس کرتے ہیں کہ وہ مزید دو سے تین برس تک کھیل جاری رکھ سکتے ہیں اسلئے وہ جذبات میں آ کر یا جلد بازی میں فیصلہ نہیں کرتے میں بھی سوچ وچار کے بعد قدم اٹھاؤں گا لیکن ابھی میری تمام تر نظریں 100 ٹیسٹ میچز کا سنگ میل عبور کرنے پر مرکوز ہیں اور مقصد کے حصول کیلئے خود کو فٹ رکھنے کیلئے سخت محنت کروں گا۔