بنگلہ دیش نے دوسرا ون ڈے میں بھی زمبابوے کو ہرا دیا


چٹاگانگ(سپورٹس لنک رپورٹ)امرالقیس اور لٹن داس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے زمبابوے کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 247 رنز کا ہدف 44.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، امرالقیس اور لٹن داس نے اوپننگ شراکت میں 148 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، امرالقیس نے 90 اور لٹن داس نے 83 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، مشفق الرحیم نے 40 اور محمد متھن نے 24 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، برینڈن ٹیلر کی ففٹی رائیگاں گئی، محمد سیف الدین کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔بدھ کو چٹاگانگ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی قائد مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو مہمان زمبابوین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے، برینڈن ٹیلر 75 رنز بنا کر نمایاں رہے، سکندر رضا 49، سین ولیمز 47، زہوواؤ 20، پیٹر مور 17، کپتان ہملٹن مسکڈزا 14 اور ایلٹن چیگمبرا 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ماووتا 9 اور ٹریپانو 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، محمد سیف الدین نے 3 جبکہ مشرفی، مستفیض الرحمان، مہدی حسن میراز اور محموداﷲ نے ایک، ایک وکٹ لی۔جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 45 ویں اوور کی پہلی گیند پر محض 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ہدف کے تعاقب کیلئے میزبان ٹیم جب میدان میں اتری تو لٹن داس اور امرالقیس نے ٹیم کو 148 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، اس موقع پر سکندر رضا نے لٹن داس کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، داس نے 83 رنز بنائے، فضل محمود پہلے میچ کے بعد دوسرے میچ میں بھی رنز کا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے، 211 کے سکور پر بنگلہ دیش کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب امرالقیس 90 رنز بنانے کے بعد سکندر رضا کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد مشفق الرحیم نے 40 اور متھن نے 24 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے دلائی۔ سکندر رضا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

error: Content is protected !!