کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سرے کے وکٹ کیپر بن فوکس کو سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، بورڈ کی جانب سے یہ فیصلہ جونی بیئرسٹو کے ٹخنے میں چوٹ آنے کی وجہ سے کیا گیا ہے جو ٹریننگ سیشن کے دوران فٹبال کھیلتے ہوئے اپنا ٹخنہ زخمی کروا بیٹھے تھے اور ابھی تک مکمل طور پر فٹ نہیں ہوسکے ہیں، انگلینڈ اور سری لنکا کے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ چھ نومبر سے شروع ہوگا، امید کی جا رہی ہے کہ بن فوکس ایک یا دو روز میں سری لنکا پہنچ جائینگے، بن فوکس کو گزشتہ سال آسڑیلیا کیخلاف ایشز سیریز کیلئے بھی ٹیم میں کا حصہ بنایا گیا تھا تاہم وہ کسی بھی ٹیسٹ میچ میں کھیل نہیں سکے تھے، اس حوالے سے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کے مطابق ابھی جونی بیئر سٹو کے ٹخنے کے بارے میں کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے کور کے طور پر بن فوکس کو سری لنکا طلب کرلیا ہے۔