دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل 11 ویں ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی۔نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے، پاکستان نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا اور ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری اور فخر زمان 24 رنز بناکر ملنے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور آصف علی کے درمیان 55 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی اور بابر اعظم 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔آصف علی نے شاندار کھیل پیش کیا اور 38 رنز بناکر کولن منرو کا شکار بنے جب کہ شعیب ملک 10 رنز بناکر ملنے کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے 154 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 20 ویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرکے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے جب کہ گرین شرٹس نے مسلسل 11 ویں ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کی ہے۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 40، آصف علی 38 اور محمد حفیظ 34 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کیویز کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور گلین فلپس نے جارحانہ انداز میں کیا اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
نیوزی کی پہلی وکٹ 50 کے مجموعی اسکور پر گری جب گلین فلپس 5 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے۔کیویز کے دوسرے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی کولن منرو تھے جو 44 رنز بناکر حفیظ کا شکار بنے جب کہ گرینڈ ہوم 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جنہیں عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔روز ٹیلر 3 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ ولیم سن 44 اور سیفرٹ 11 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، ٹم ساؤتھی کھاتے کھولے بغیر رن آؤٹ ہوئے۔کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے جب کہ کولن منرو 44، اینڈرسن 44 اور ولیم سن 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 4 نومبر کو کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔