راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ) فیصل آباد نے پی سی بی سٹارز انڈر 16 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ 2018-19ء جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں لاہور انڈر 16 ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، محمد اویس اور محمد ابتسام مشترکہ طور پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں لاہور انڈر 16 ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، حماد ستار 68 رنز بنا کر نمایاں رہے، حافظ عثمان 35، عمر ایمان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد اویس اور علی اسفند نے 3، 3 اور ابتسام نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں فیصل آباد انڈر 16 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 44 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ثمیر ثاقب 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد ابتسام نے 42 اور محمد وقاص نے 33 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔
اختتامی تقریب کے موقع پر دونوں ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے، فیصل آباد کو 3 لاکھ اور رنر اپ لاہور کو 2 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی، مین آف دی میچ کھلاڑیوں اویس اور ابتسام، بہترین باؤلرز عبدالرحمان اور ارحم نواب، بہترین بلے باز رضوان محمود، بہترین فیلڈر عمیر افضل، بہترین آل راؤنڈر عمر ایمان اور بہترین وکٹ کیپر افضال منظور کو یکساں 25،25 ہزار روپے نقد انعامات سے نوازا گیا۔