سینٹ لوسیا( سپورٹس لنک رپورٹ )شبنم اسماعیل کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکن ویمن ٹیم کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ شبنم اسماعیل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں محض 10 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کی فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ویسٹ انڈیز میں جاری عالمی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے آٹھویں میچ میں شبنم اسماعیل کی عمدہ باؤلنگ کی بدوت سری لنکن ویمن ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنا سکی اور اس نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 100 رنز کا ہدف دیا۔جنوبی افریکن باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث سری لنکن ویمن ٹیم کی 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔سریوردھنے نے 21 اور سرانگیگا نے 20 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شبنم اسماعیل نے تین جبکہ کاپ، کلاسی، موسلائنی ڈینیئلز، وان نیکرک اور سیخیو خیونی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے کاپ کے 38، کپتان نیکرک کے ناقابل شکست 33 اور پریز کے ناقابل شکست 16 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ یوں جنوبی افریقہ نے سری لنکن ٹیم کو میچ میں با آسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ شبنم اسماعیل کو شاندار باؤلنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے ساتویں میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کریسٹی گورڈن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض بنگلہ دیش کی 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ویسٹ انڈیز میں جاری عالمی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے ساتویں میچ میں انگلش باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدوت بنگلہ دیشی ویمن ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنا سکی اور اس نے انگلینڈ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 77 رنز کا ہدف دیا تاہم بعد میں بارش کے بعد میچ 16 اوورز تک محدود کردیا گیا اور انگلینڈ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 64 رنز کا ہدف ملا۔انگلش باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث بنگلہ دیش کی ویمن ٹیم کی 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔ عائشہ رحمان نے 39 اور جہان آرا عالم نے 12 رنز بنائے۔ انگلش ٹیم کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کریسٹی گورڈن نے تین جبکہ سیور، شروبسولی، سمتھ اور ایکلسٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے ایمی جونز کے ناقابل شکست 28 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 9.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ ایمی جونز نے ناقابل شکست 28 اور سکیور نے 23 رنز بنائے۔ یوں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو میچ میں با آسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کریسٹی گورڈن کو شاندار باؤلنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔