ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،پاکستانی سکواڈ 15 اکتوبر کو یو اے ای روانہ ہوگا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ 15 اکتوبر کو چارٹر فلائٹ سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ 15 اکتوبر کو لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا جہاں میگا ایونٹ 17 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا،  نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شریک کھلاڑی ایونٹ مکمل کرنے کے بعد ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔

قومی اسکواڈ کے اسپورٹ اسٹاف میں شامل تمام ارکان 8 اکتوبر کو لاہور میں جمع ہوں گے اور لاہور کے مقامی ہوٹل میں 7 روز کا قرنطینہ کریں گے، بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر 7 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے اور لاہور میں ٹیم کو جوائن کرنے کے بعد اسکواڈ کے ہمراہ متحدہ عرب امارات جائیں گے جب کہ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن یو اے ای میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

پی سی بی نے قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کو فیملیز اپنے ہمراہ یو اے ای لے جانے کی اجازت دی ہے۔ذرائع کے مطابق اسپورٹس اسٹاف میں شامل مینیجر منصور رانا، ہیڈ اسپورٹس اسٹاف ثقلین مشتاق، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید اور اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈرائیکس سائمن بھی بائیو سکیور ببل میں جائیں گے۔پی سی بی نے ثقلین مشتاق کو ہیڈ اسپورٹ اسٹاف بنانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے  اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپورٹ اسٹاف کا باضابطہ اعلان کرنا ہے۔

error: Content is protected !!