ثاقب میموریل کرکٹ‘ محمد اﷲ کی سنچری بھی ینگ کواپریٹرز کو ناکامی سے نہ بچاسکی


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) محمد اﷲ کی شاندار سنچری بھی ینگ کواپریٹرز کے کام نہ آسکی اور شائنو اسپورٹس نے 230رنز کا ہدف 5وکٹو ں پر حاصل کرکے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔ علی رہبر اور معارض عامر کے مابین دوسری وکٹ پر سنچری شراکت نے فاتح ٹیم کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ علی رہبر نے 88اور معارض نے 60رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ محمد زبیر نے 3کھلاڑیوں کو نشانہ بنا کر فتح کو آسان بنادیا۔ این کے یونیورسل نے داؤد اسپورٹس کولٹس کیخلاف 17رنز کی فتح کے ساتھ اگلے مرحلہ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ رفیع اﷲ نے 49رنز اورمحمد نے 30رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 8وکٹ پر 75رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے اپنی ٹیم کے اسکور کو بہتر بنایا۔محمد اﷲ اور رفیع اﷲ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔مہمان خصوصی صغیر احمد نے مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔پاک فلیگ گراؤنڈ پر ینگ کواپریٹرز نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 35اوورز میں 7وکٹوں پر 229رنز اسکور کئے۔ محمد اﷲ نے 133رنز کی شاندار اننگز میں 14چوکے اور 4بلند و بالا چھکے بھی لگائے۔ اختر علی نے 21اور احمد رضا 16رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ محمد زبیر نے 35رنز پر 3اور محمد اعجاز نے 38رنز پر 2کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کیا۔شائنو اسپورٹس نے جوابی بیٹنگ میں مطلوبہ ہدف کو باآسانی 5وکٹوں پر حاصل کیا جب 26.5اوورز میں 230رنز بنائے گئے۔علی رہبر 88رنز میں 12چوکے اور 2چھکے جبکہ معارض عامر نے 6چوکے لگاکر 60رنز اسکور کئے۔ دونوں کھلاڑیوںنے دوسری وکٹ پر 113رنز جوڑے۔ اکبر اعوان نے 24رنز میں 2چوکے اورجاوید بشیر نے 3چوکے لگا کر 22رنز بنائے۔ اجمل خان نے 57رنز پر 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ایمپائرز زاہد اقبال اور جاوید جعفری جبکہ محمد منہاج آفیشل اسکورر تھے۔منصورہ اسپورٹس گراؤنڈ پر این کے یونیورسل نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 35اوورز میں 7وکٹوں پر 163رنز سمیٹے۔ رفیع اﷲ نے 49اور محمد نے 30رنز میں 3,3چوکے رسید کیے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 8ویںوکٹ پر ناقابل شکست 75رنز بنائے۔ عاصم علی 22رنز میں 2چوکے اور ایک چوکالگا کر عابد حسین نے 15رنز اسکور کئے۔ محمد حمزہ کو 8رنز کے عوض 2وکٹ ہاتھ آئے۔داؤداسپورٹس کولٹس مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی۔ اور پوری ٹیم 33.1اوورز مین 146رنز پر پویلین لوٹ گئی۔منیب احمد 3چوکے لگا کر 31، آفتاب عالم 29اور محمد ارسلان 16رنز کے ہمراہ ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے بلے باز رہے۔محمد کو 22رنز پر 3، عمار حسین کو 22رنز اورعاصم علی کو 23رنز کے عوض 2,2وکٹیں ملیں۔ایمپائرز غلام محمد اور جمیل احمد جبکہ آفیشل اسکورر سید تیمورعالم تھے۔

error: Content is protected !!