سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارت نے آسٹریلیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ایرون فنچ اور ڈی آرسی شارٹ نے پہلی وکٹ پر 68 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم 10ویں اوور میں بھارتی گیند بازوں نے آسٹریلین جوڑی کو یکے بعد دیگرے پویلین کی راہ دکھائی اور میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی۔دیں اثنا آسٹریلیا کی وکٹیں گرتی رہیں لیکن ہر نئے آنے والے کھلاڑی نے ٹیم کے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا اور یوں میزبان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 164 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔آسٹریلیا کی جانب سے ڈی آر سی شارٹ نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے جبکہ کپتان ایرون فنچ 28، الیکس کیرے 27 اور مارکس اسٹوئنس 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے کنال پانڈیا نے 4 جبکہ کلدیپ یادیو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی بلے بازوں نے دھواں دار آغاز کیا اور شیکھر دھوان اور روہت شرمان نے پہلی وکٹ کی شراکت پر برق رفتار 67 رنز اسکور کیے، تاہم مہمان ٹیم کے اوپنر بھی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے اسکور کو مڈل آرڈر کے ساتھ آگے بڑھایا، لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں۔بھارتی ٹیم 108 رنز پر 4 کھلاڑی گنواچکی تھی جس کے بعد کپتان ویرات کوہلی نے ٹیم کی ناؤ کو پار لگانے میں اہم کردار ادا کیا اور 41 گیندوں پر 61 رنز بنا کر ٹیم کو 6 وکٹوں سے آسان فتح دلوائی۔بھارت کی جانب سے شیکھر دھون 41 اور دنیش کارتھک ناقابلِ شکست 22 رنز بنانے کے بعد نمایاں رہے۔اس سے قبل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 4 رنز سے شکست دے دی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔