زونIII’اے‘ ڈویثرن لیگ میں محمد حسین سی سی کی 108رنز کی آسان کامیابی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) محمد حسین سی سی نے آسان مقابلے کے بعد دہلی بوائز کو 108رنز سے شکست دے کر کے سی سی اے زونIII’اے‘ ڈویثرن لیگ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ شاز شاجانی نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی سے اپنی ٹیم کی فتح کو آسان بنادیا۔شاجانی نے نصف سنچری بنائی اور 4شکار بھی کیے۔ شاہ علی ظفر نے بھی نصف سنچری داغی۔ سلیم یوسف کی نصف سنچری اورشیراز کی 3وکٹیں رائیگاں گئیں۔وائٹل فائیو گراؤنڈ پر محمد حسین سی سی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 35اوورز میں 6وکٹوں پر 270رنز اسکور کئے۔ شاہ علی ظفر نے 64رنز میں 4چوکے اور 2چھکے اورشاز شاجانی کے 62رنز میں 6چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین چوتھی وکٹ پر 75رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔شرجیل اشرف کے 39رنز 7چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے بنے جبکہ محمد شاہد نے 38رنز میں 2چھکے اور2چوکے اور اسامہ علی کے 26رنز میں ایک چھکا اورایک چوکا شامل تھا۔محمد شیراز نے 47رنز پر 3اور فرمان یوسف نے 31رنز پر2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔دہلی بوائز کی جوابی اننگز 22.2اوورز میں مکمل ہوگئی جب 168رنز پر پوری ٹیم پویلین جا پہنچی۔ سلیم یوسف نے 6چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 69رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ جہانزیب نیاز کے 37رنز 6چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل تھے۔اسد الحق نے بھی 35رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جو 5چوکوں پر مشتمل تھی۔محمد ہریرا کے 10رنز میں ایک چوکا شامل تھا۔شازشاجانی نے 19رنز پر 4کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

تعارف: newseditor