بھوبھنیشور(سپورٹس لنک رپورٹ)ہاکی ورلڈ کپ کے چھٹے دن ارجنٹائن نے نیوزی لینڈ کو 0-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں جبکہ فرانس اور اسپین کا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں کھیلے جا رہے 14ویں عالمی کپ میں میچ کے ابتدائی 10 منٹ میں نیوزی لینڈ نے بہتر کھیل پیش کیا لیکن اس کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم میچ میں مکمل طور پر چھائی رہی۔میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے کوارٹر کے 8ویں منٹ میں اولمپک چیمپیئن ارجنٹائن نے گول کر کے برتری حاص کر لی۔میچ کے تیسرے ہی کوارٹر میں ارجنٹائن نے ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ کے گول کیپر کو زحمت دی اور برتری دگنی کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ کوشش رائیگاں گئی۔تاہم ارجنٹائن کو گول کے لیے زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا اور میچ کے 41ویں منٹ لوکاس ویلا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر برتری دگنی کردی۔میچ کے اختتام سے پانچ منٹ قبل لوکاز مارٹینیز نے پینالٹی کورنر پر گول کر کے نیوزی لینڈ کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی اور اپنی ٹیم کو 0-3 سے فتح سے ہمکنار کرادیا۔دوسری جانب ورلڈ کپ میں سب سے کم تر رینکنگ کی حامل ٹیم فرانس نے عالمی کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے کرتے رہ گئی اور اسپین سے میچ 1-1 سے برابر کردیا۔
عالمی کپ میں 20ویں نمبر پر موجود فرانس کی ٹیم کا مقابلہ 8ویں درجے پر موجود اسپین سے تھا اور توقعات کے برعکس فرانس کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کر کے اسپین کے لیے فتح کا حصول مشکل بنا دیا۔میچ کا آغاز ہی انتہائی سنسنی خیز رہا اور میچ کے چھٹے ہی منٹ میں فرانس نے گول کر کے سب کو حیران کردیا۔میچ کے ابتدائی تین کوارٹرز میں اسپین کی ٹیم کوشش کے باوجود کوئی گول اسکور نہ کر سکی لیکن میچ کے 48ویں منٹ میں الگارو اگلے سیاس نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔میچ کے 51ویں منٹ میں اسپین کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی کے سبب فرانس نے کو دوبارہ اس وقت ملا گول کرنے کا موقع ملا جب ریفری نے فرانس کو پینالٹی اسٹروک ایوارڈ کردیا۔لیکن ناتجربہ کاری کے سبب فرانس کی ٹیم اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی اور کورٹوئز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پینالٹی اسٹروک روک لیا۔اس کے بعد میچ کے اختتام تک دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکی اور میچ 1-1 اسکور کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔