کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 ، 6 تا 10 دسمبر تک پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی،انٹر نیشنل رینکنگ کی حامل یہ چیمپئن شپ 23 میچزپر مشتمل ہے ۔ ٹورنامنٹ کی میڈیا بریف 4 دسمبر2018 کوپاکستان نیوی اسکواش کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کموڈور حبیب الرحمن نے تقریب میں شامل میڈیا کے نمائندگان کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ پہلا سی این ایس اسکواش ٹورنامنٹ سنہ 2000 میں 6000 ڈالر کی انعامی رقم کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ انعامی رقم بڑھائی گئی تاکہ اسکواش کے کھیل کو فروغ دیا جا ئے اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو اس کورٹ میں لا یا جائے۔ اس سال چیمپئن شپ کی انعامی رقم 18000 ڈالر رکھی گئی ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ کا شمار بین الاقوامی رینکنگ پوائنٹس رکھنے والے مقابلوں میں ہوتا ہے جس میں رواں برس بہترین قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کریں گے۔12 مقامی جبکہ 12 بین ا لاقوامی کھلاڑی اس سال مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کا تعلق ایران، مصر، ملا ئشیا، قطر ، میکسیکو، ہانگ کانگ، کویت اور پرتگال سے ہے۔ قیام پاکستان سے ہی پاک بحریہ کا اسکواش کے کھیل کے ساتھ گہرا تعلق ہے،پاک بحریہ میں اسکواش کے کھیل کا آ غاز منوڑہ میں ایک سنگل کورٹ سے ہوا تاہم پاک بحریہ کی اس کھیل کے ساتھ لگن کے باعث سنگل کورٹ سے بین الاقوامی معیار کا اسکواش کمپلیکس معرض وجود میں آیا ۔ پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس اسکواش کے دو عظیم کھلاڑیوں سے منسوب کیا گیا ہے اس کمپلیکس کا افتتاح 19 جون1991 کوہوا۔