پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)آج چیف آف ائیر سٹاف قومی جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2018کے فائنل میچ اور اختتامی تقریب کا انعقاد ہاشم خان سکواش کمپلیکس پشاور ہوا ۔ ائیر مارشل عاصم ظہیر، وائس چیف آف دی ائیر سٹاف اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔مہمانِ خصوصی نے انڈر 19کیٹیگری کا فائنل دیکھا جو کہ عباس زیب اور ذیشان زیب کے درمیان کھیلا گیا ۔ان کے علاوہ پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران اور سکواش کے دلداہ افراد بھی اس میچ کو دیکھنے کے لئے موجود تھے۔ عباس زیب نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ذیشان زیب کو 11/4, 11/8, 8/11 & 14/12 سے شکست دے کر چیمپئن شپ ٹرافی جیت لی۔ مہمانِ خصوصی نے مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔انڈر 11کیٹیگری میں ورون آصف نے مبین خان کو 11/8, 11/6, 6/11, 11/7 سے ہرایا۔ انڈر 13کیٹیگری میں انس بخاری نے حمام احمد کو 11/9, 12/10, 7/11, 5/11 & 11/8سے شکست دی۔ انڈر 15کیٹیگری میں محمد حمزہ نے حذیفہ زاہد کو 12/10, 11/6 & 11/7 سے مات دے دی۔ انڈر 17کیٹیگری میں فرحان ہاشمی ، اسداللہ کو 12/14, 12/10, 11/5 & 11/6 سے ہراکر فاتح قرار پائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ اور پاکستان سکواش فیڈریشن جونئیر لیول پر سکواش کے کھیل کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی نوجوان کھلاڑی پاکستان سکواش کا مستقبل ہیں اور پاکستان کی سکواش میں کھوئی ہوئی عظمت رفتہ کو واپس لانے کے لئے ہم انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ اور یو ایس اوپن سکواش چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل لانے والے کھلاڑیوں کو پاک فضائیہ کی جانب سے 5لاکھ روپے انعام اور پاکستان سکواش فیڈریشن کی جانب سے ایک نئی گاڑی دینے کا اعلان بھی کیا۔ چیمپئن شپ03سے07دسمبر 2018تک ہاشم خان سکواش کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوئی ۔اس 5لاکھ انعامی رقم کے حامل ٹورنامنٹ میں پورے ملک سے دو سوسے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی جس میں تمام قومی جونیئر سیڈڈ کھلاڑی بھی شامل تھے۔