وزیراعظم عمران خان کی یاسر شاہ کو مبارکباد


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو آسٹریلوی کھلاڑی کلیری گرمٹ کا 82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مبارک باد دی ہے۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے یاسر شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ‘یاسر شاہ نے 200 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل 33 میچوں میں عبور کرکے دنیا کے تیز ترین بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا’۔عمران خان نے یاسر شاہ کی کارکردگی کو ‘اسٹار پرفارمنس’ قرار دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ‘گزشتہ ہفتے یاسر شاہ نے ایک ٹیسٹ میں 14 وکٹ کا میرا ریکارڈ بھی برابر کیا تھا’۔یاد رہے کہ گزشتہ روز یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی تو ان کی 200 وکٹیں مکمل ہوئیں اور اس طرح انہوں نے آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ کا 1936 میں 36 ٹیسٹ میچز میں بنایا گیا 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑا۔

یاسر شاہ نے 33 میچز میں 200 وکٹیں حاصل کیں اور اس طرح وہ پہلے بولر ہیں جنہوں نے تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کیں۔بھارت کے روی چندرن ایشون نے 37 جبکہ وقار یونس اور ڈینس للی نے 38 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔یاد رہے کہ یاسر شاہ نے 22 اکتوبر 2014 کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 4 سال، ڈیڑھ ماہ کے کیریئر میں انہوں نے 200 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔لیگ اسپنر یاسر شاہ نے تین مرتبہ 10 وکٹیں اور ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو 16 مرتبہ آؤٹ کیا جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیرئیر کی بہترین بولنگ تھی۔

تعارف: newseditor