ثاقب کرکٹ‘ حماد اعجاز نے میانداد اسپورٹس کے ہوش اڑادئے


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) شائنو اسپورٹس کے حماد اعجاز کی تباہ کن بولنگ نے میانداد اسپورٹس کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ فاتح ٹیم نے 2وکٹوں کی کامیابی کے ساتھ کی محمد ثاقب میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ علی رہبر نے 53رنز کی فتحگر اننگز کھیی۔ اکبر اعوان نے 36رنز اسکور کئے۔ حماد اعجاز نے 23رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ناکام سائیڈ کے ثنا ء سکندر نے نصف سنچری اسکور کی ۔ حمزہ خالد اور محمد عظیم کی 3,3وکٹیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی عدنان نے حماد اعجاز کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔پاک فلیگ کرکٹ گراؤنڈ پر میانداداسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کی اور 27.4اوورز میں تمام وکٹوں پر 148رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ ثنا ء سکندر کی 50رنز کی اننگز 6چوکوں اور ایک چھکے سے سجی تھی محمد عظیم نے 24رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین پہلی وکٹ پر 71رنز اسکور کئے گئے۔، محمد عثمان نے 18اور محمد عنصر نے 16رنز میں ایک ایک بار گیند کو باؤنڈری لائن کراس کرائی۔حماد اعجاز نے تباہ کن بولنگ کی اور 23رنز پر 6حریف بلے بازوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔ عاطف جمیل کو 15رنز کے عوض 2وکٹ ہاتھ لگیں۔شائنو اسپورٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مطلوبہ ہدف کو 28.3اوورز میں یقینی بنالیا جب 149رنز 2وکٹوں پر حاصل کرلئے گئے۔علی رہبر نے 53رنز میں 5چوکے اور 2بلند و بالا چھکے لگائے۔ اکبر اعوان کے 36رنز میں ایک چوکا شامل تھا۔ فیض عامر نے 18رنز میں 2چوکے جبکہ حماد اعجاز نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 14رنز میں 2چوکے اورایک زوردارچھکا لگایا۔ حمزہ خالد نے 26اورمحمد عظیم نے 28رنز میں 3،3وکٹیں اپنے نام کیں۔ ایمپائرز شاہد اسلم اور جاوید جعفری جبکہ آفیشل اسکورر محمد منہاج تھے۔

تعارف: newseditor