ڈھاکا: (سپورٹس لنک رپورٹ)شے ہوپ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔منگل کو کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈین قائد روومین پاول نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔میزبان ٹیم نے شکیب الحسن، مشفیق الرحیم اور تمیم اقبال کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔شکیب 65، مشفیق 62 اور تمیم 50 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ محموداللہ 30، لٹن داس 8، سومیا سرکار 6 اور امرالقیس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ویسٹ انڈین کی جانب سے اوشین تھامس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں شے ہوپ تن تنہا بنگلہ دیشی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے اور ناممکن کو ممکن کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔5 کے اسکور پر کالی آندھی کو چندرپال ہمراج کا نقصان اٹھانا پڑا جو 3 رنز بنا سکے لیکن اس کے بعد ہوپ نے ڈیرن براوو کے ساتھ مل کر اسکور 70 تک پہنچا دیا۔اس موقع پر روبیل حسین نے براوو کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 27 رنز بنائے۔مارلن سیمیولز نے تیسری وکٹ کے لیے 62رنز کی شراکت قائم کی لیکن سیمیولز 26 رنز بنانے کے بعد مستفیض کا نشانہ بنے جبکہ شیمرون ہٹمیئر 14، روومین پاول ایک اور روسٹن چیز 9رنز بنا کر چلتے بنے۔185 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد ویسٹ انڈیز پر شکست کے سائے منڈلانے لگے لیکن اس مرحلے پر شے ہوپ اور کیمول پال وکٹ پر ڈٹ گئے۔دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 71 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، ہوپ نے تین چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 146 جبکہ کیمو پال 18 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔مستفیض اور روبیل حسین نے دو، دو مہدی حسن اور مشرفی نے ایک، ایک وکٹ لی۔شے ہوپ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔