ڈھاکہ(سپورٹس لنک رپورٹ) فاسٹ باؤلر مشرفی مرتضی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے تو سپر سٹار ہیں لیکن ان کا ماننا ہے کہ ہرکوئی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان جتنی بلندی نہیں چھو سکتا ہے ۔ مشرفی مرتضی 30دسمبر کو حکمران جماعت عوامی مسلم لیگ کی جانب سے الیکشن لڑنے جارہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ کھیلوں اور چیریٹیز کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں ۔ایک انٹر ویو کے دوران مشرفی مرتضی کا کہنا تھا کہ ایمانداری کی بات ہے کہ ہر کوئی محنت کرنے کے باوجود ہمیشہ وہ مقام حاصل نہیں کرسکتا ہے جو عمران خان نے حاصل کر لیا ہے ،ان کی خواہشات محدود ہیں اور وہ ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے کھیلوں کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں ،وہ اپنے ریجن کے لیے کچھ اچھا کرنے کی کوشش کریں گے ۔مشرفی مرتضی نارائل کی جنوب مغربی ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھتے ہیں جہاں ان کی چیریٹی آرگناگزیشن نارائل ایکسپریس نے ہسپتالوں کو ایمبو لینسز فراہم کرنے کے ساتھ کاشتکاروں میںچاول کے بیچ بھی بانٹے ہیں ،جنوبی ایشیاءمیں کھلاڑیوں کا سیاست میں قدم رکھنا کوئی نئی بات نہیں ہے تاہم مشرفی مرتضی اب بھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور بنگلہ دیشی ون ڈے ٹیم کے کپتانی کرہے ہیں جبکہ انہوں نے اگلے سال ورلڈ کپ کھیلنے کا عندیہ بھی دے رکھا ہے ، انہوں نے2009ءسے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ سے بھی ریٹائر ہوچکے ہیں ،مشرفی مرتضی گھٹنے کے سات آپریشنز کروا چکے ہیں جب کہ ان کی قیادت میں بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ 2015کے کوارٹر فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کیا تھا ۔مشرفی مرتضی کی جانب سے سیاست کے میدان میں کودنے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناگیا اور لوگوں نے ان کے وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے پارٹی کو جوائن کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جو اپنے مخالفین کو جیل میں ڈالنے کے لیے بدنام ہے ۔