ویلنگٹن(سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ کے نوجوان بلے باز ٹام لیتھم نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے بیٹ کیری کر کے انفرادی طور پر سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔نیوزی لینڈ کے اوپنر نے سری لنکا کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔انہوں نے کیریئر کی بہترین 264 رنز کی اننگز کھیل کر سابق انگلش اوپننگ بیٹسمین ایلسٹر کک کا بیٹ کیری کرتے ہوئے انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔کک نے 18-2017 میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز ٹیسٹ میں 244 رنز کی اننگز کھیل کر بیٹ کیری کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔لیتھم ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹ کیری کرنے والے دوسرے کیوی اوپنر ہیں اور ان سے قبل گلین ٹرنر بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں جنہوں نے دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔اس کے علاوہ لیتھم انفرادی طور پر بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے دوسرے کیوی اوپنر بھی بن گئے ہیں، نیوزی لینڈ کی جانب سے بطور اوپنر بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے کا اعزاز برائن ینگ کو حاصل ہے۔برائن ینگ نے 1997 میں سری لنکا کے خلاف ہی ڈونیڈن ٹیسٹ میں 267 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔