لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کے مشہور فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے رواں سال خراب کارکردگی اور 30سال میں کلب کے بدترین آغاز کے بعد ٹیم کے منیجر ہوزے مورینیو کو برطرف کرتے ہوئے اسسٹنٹ منیجر کو عبوری طور پر ذمے داریاں سونپ دی ہیں۔پرتگال کے 55سالہ مورینیو نے اتوار کو لیورپول کے خلاف میچ میں کلب کے لیے آخری بار منیجر کی حیثیت سے میدان میں اترے اور اس میچ میں 1-3 سے شکست کے ساتھ ہی یونائیٹڈ اور لیورپول کے درمیان ٹیبل پر 19پوائنٹس کا فرق ہو گیا ہے۔رواں سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو بدترین بحران کا سامنا ہے اور 1990 کے بعد یہ کسی بھی سیزن میں کلب کا بدترین آغاز ہے اور وہ صف اول کی 4ٹیموں سے 11 پوائنٹس پیچھے ہے جس کے سبب اس کے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرنے کے بھی لالے پڑ گئے ہیں۔رواں سال جاری چیمپیئنز لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ چکی ہے جہاں اسے پیرس سینٹ جرمین کا چیلنج درپیش ہے لیکن منیجر کی برطرفی کی وجہ کلب کی کارکردگی میں عدم تسلسل، ڈریسنگ روم کا ماحول اور کلب کے بورڈ کی ٹرانسفر پالیسی پر تنقید ہے۔کلب کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ یہ اعلان کرتا ہے کہ منیجر ہوزے مورینیو نے فوری طور پر کلب چھوڑ دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے کام پر مورینیو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے اور نئے منیجر کا تقرر رواں سیزن کے اختتام تک کردیا جائے گا۔مورینیو کو ایک منفرد اعزاز حاصل تھا کہ وہ جس کلب کے ساتھ بھی جڑے، اسے اس ملک کی پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بنوایا اور انہیں پورٹو کو پرتگال، انٹرمیلان کو اٹلی، ریال میڈرڈ کو لا لیگا اور چیلسی کو دو مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بنوانے کا اعزاز حاصل ہے البتہ اب وہ اس اعزاز سے محروم ہو گئے ہیں۔2013 میں سر ایلکس فرگیوسن کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے بعد سے مانچسٹر یونائیٹڈ کو مستقل کارکردگی دکھانے اور نئے منیجر کے زیر سایہ لیگ جیتنے میں دشواری کا سامنا ہے۔فرگیوسن کے بعد لوئس وین گال کو مانچسٹر کا منیجر مقرر کیا گیا تھا لیکن وہ بھی ٹیم کی قسمت نہ بدل سکے جس کے بعد مورینیو کی تقرری کی گئی تھی لیکن وہ بھی مانچسٹر میں ناکامی سے دوچار ہوئے۔