تعلیمی اداروں میں سپورٹس کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں،رائے تیمور خان بھٹی


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سپورٹس کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں، سکولوں اور کالجوں کے طلبہ کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے تحصیل سطح پر کھیلوں کے مقابلے کروارہے ہیں جس سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے اور سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا، پنجاب حکومت کی کاوشوں سے کھیلوں کے گرائونڈز آباد ہورہے ہیں، کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں دی جارہی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پنجاب سٹیڈیم میں دی ٹرسٹ سکول کے سالانہ سپورٹس ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر دی ٹرسٹ سکول کے سیکرٹری جنرل طاہر یوسف اور پرنسپل عاصم اسحاق بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کا پنجاب سٹیڈیم آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا

مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کھیلوں کے مقابلے بھی دیکھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہاکہ بچے کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، ملکی ترقی کے لئے ان پر سرمایہ کاری کرنا اشد ضروری ہے، پنجاب حکومت نے سکولوں اور کالجوں میں سپورٹس کا کلچر بحال کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں، ہر طالب علم کے لئے کم ازکم ایک کھیل میں حصہ لینا لازمی قرار دیا گیا ہے جس سے طلبہ میں سپورٹس کی چھپی ہوئی صلاحیتیں سامنے آئیں گی اور قوم کو نئے سٹارز ملیں گے

تعلیمی اداروں میں گرائونڈز کے علاوہ دیگر سپورٹس کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے ہیں تاکہ بچوں کو سپورٹس سے رغبت ہو اور وہ لگن و محنت کے ساتھ اس میں حصہ لیں، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے دی ٹرسٹ سکول کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال کر قومی خدمت کررہے ہیں۔

تعارف: newseditor